shahbazsharifinmasehra

وزیرِ اعظم کی مانسہرہ میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے گھر آمد

(روزنامہ جرأت)وزیرِ اعظم شہباز شریف فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی قیادت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے گھر مانسہرہ گئے۔وزیرِ اعظم نے شہید کی والدہ، اہلیہ اور بچوں سمیت لواحقین سے ملاقات کی اور شہید کے لیے دعا کی۔ وزیرِ اعظم نے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہید کے بلند درجات اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید نے وطنِ عزیز کی حفاظت کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا اور ہمت و بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے اور پاکستانی قوم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ وزیرِ اعظم نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اور پاک فوج شہید کے اہلِ خانہ کا مکمل خیال رکھیں گے۔
وزیرِ اعظم نے مانسہرہ میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے نام سے دانش اسکول کے قیام کا بھی اعلان کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ، انجینئر امیر مقام، سردار محمد یوسف، مشیر وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ، کیپٹن (ر) محمد صفدر، مرتضیٰ جاوید عباسی اور شاہ جی گل آفریدی بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں