afghanistanvsuae

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: افغانستان نے یو اے ای کو شکست دیدی

(روزنامہ جرأت)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 28 ویں میچ میں افغانستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔دہلی کے ارن جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جس کے جواب میں یو اے ای کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنا سکی۔
یو اے ای کی جانب سے شعیب خان 48 گیندوں پر 6 چوکے اور 4 چھکوں کی بدولت 68 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جب کہ علیشان شرفو نے 40 رنز جوڑے۔یو اے ای کی ٹیم کے 5 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے جن میں سے تین کھلاڑی صفر پر پویلین لوٹے جب کہ بقیہ دو کھلاڑیوں نے 3، 3 رنز بنائے۔افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ مجیب الرحمٰن نے 2 اور کپتان راشد خان نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
افغان ٹیم نے 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آخری اوور میں میچ اپنے نام کیا، افغانستان کی جانب سے اوپننگ بیٹر رحمان اللہ گرباز صفر پر آؤٹ ہوئے مگر پھر ابراہیم زدران نے 53 رنز بنا کر ٹیم کو بہتر آغاز فراہم کیا۔
عظمت اللہ عمر زئی نے 21 گیندوں میں 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی بدولت 40 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں