maryamaurangzeb

پیٹرول مہنگا: جیسے جیسے عالمی حالات بہتر ہوں گے، عوام کو ریلیف فراہم کیا جائیگا، مریم اورنگزیب

لاہور:(روزنامہ جرأت) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر کہا ہےکہ جیسے جیسے عالمی حالات بہتر ہوں گے اسی عزم اور حکمت کے ساتھ ریلیف بھی فراہم کیا جائے گا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود ایک ماہ تک اس کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں ہونے دیا، یہ صرف ایک فیصلہ نہیں بلکہ ذمہ دار قیادت، مؤثر حکمتِ عملی اور بہترین فِسکل مینجمنٹ کی واضح مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی جب قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا تو اسے عام عوام پر مکمل بوجھ ڈالنے کے بجائے ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے متوازن کیا گیا، یہ وہ قیادت ہے جو مشکل حالات میں بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑتی بلکہ ہر ممکن حد تک سہارا دیتی ہے۔ حکومت نے پیٹرول137 روپے 24 پیسے اور ڈیزل 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان ایسے رہنما کے ہاتھوں میں ہے جو عوام کے دکھ درد کو سمجھتا ہے اور ان کے لیے عملی اقدامات کرتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کو وفاق کی اکائیوں اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا ہونے پر مبارکباد دیتی ہوں اور تمام وزرائےاعلیٰ کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، ہم انشااللہ ایک قوم بن کر ان مشکل حالات کامقابلہ کریں گے، جیسے جیسے عالمی حالات بہتر ہوں گے، اسی عزم اور حکمت کے ساتھ مزید ریلیف بھی فراہم کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں