(روزنامہ جرأت)کامیڈین کاشف خان نے بیٹیوں کی شادی پر فضول خرچے سے بچنے کا طریقہ بتادیا۔حال ہی میں کاشف خان نے ایک نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی جہاں انہوں نے شادی سمیت زندگی کے مختلف معاملات پر گفتگو کی۔میزبان کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ شادی پر کس طرح سے خرچہ بچانا چاہیے اور پہلی شادی پر سب کی خواہشات ہوتی ہیں؟
اس کا جواب دیتے ہوئے کاشف خان نے کہا کہ شادی کے موقع پر سب کی ہی خواہشات ہوتی ہیں، اپنی خواہشات کو پورا کریں اور ساتھ ہی خرچوں کو کم کرنے کا بھی خیال رکھیں۔انہوں نے کم خرچہ کرنے کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا کہ مہنگے لباس اور جیولری خریدنے سے گریز کریں، اچھے اور ڈیزائنر جوڑے کرائے پر مل جاتے ہیں حتیٰ کہ سونے اور چاندی کی جیولری بھی کرائے پر مل جاتی ہے۔لڑکے والوں کو تحفہ دینے کے سوال پر کاشف خان کا کہنا تھا کہ میری بیٹی کی شادی میں ہم نے یہ پہلے سے ہی طے کرلیا تھا کہ جو لڑکے کی ذمہ داری ہے وہ خود پورا کریں گے اور جو ہماری ذمہ داری ہے وہ ہم کریں گے، رشتے داروں کو کپڑے دینے کا رواج چلا گیا ہے، اب کوئی پورے خاندان کے کپڑے نہیں بناتا۔کاشف خان نے مزید کہا کہ اب لوگ مہندی اور شادی کو ملا کر شیندی کی ایک ہی تقریب رکھتے ہیں اس طرح سے بھی خرچا بچایا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ کاشف خان کی بیٹی ربیکا خان ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر ہیں جس کی شادی کی کئی تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا جب کہ شادی کی زائد تقریبات اور اخراجات پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔




