karachifireinstore

کراچی؛ نجی سپراسٹور میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا، مشتبہ شخص زیرِ حراست

کراچی:(روزنامہ جرأت)شہر قائد میں کلفٹن کے علاقے زم زمہ اسٹریٹ پر واقع نجی سپر اسٹور میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ بجھانے کے لیے 6 گاڑیاں مصروف عمل رہیں تاہم بیسمنٹ میں شدید دھوئیں اور اندھیرے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق بیسمنٹ لگی آگ گراؤنڈ فلور تک پھیل گئی، جس پر قابو پانے کی کوششیں کی گئیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بیسمنٹ تک رسائی کے لیے دروازوں کو کٹر کے ذریعے کاٹا گیا۔حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں، تحقیقات کے بعد حتمی طور پر اعلان کیا جائے گا۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فائر بریگیڈ کو صبح 6 بجے آگ کی اطلاع ملی ، جس کے بعد صدر اسٹیشن سے فوری طور پر گاڑیاں روانہ کی گئیں ۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر بیسمنٹ میں آگ لگی تھی جسے بجھا دیا گیا تھا بعد ازاں گراؤنڈ فلور پر اسپاٹس پر بھی آگ پھیلی، جس پر قابو پانے کی کوشش کی گئی۔ آگ لگنے کے وقت اسٹاف اندر موجود نہیں تھا۔
چیف فائر آفیسر کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر پتا چلا ہے کہ اے ٹی ایم میں آگ لگی تھی۔ اسٹور کے عملے نے پہلے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، تاہم فالس سیلنگ کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی۔ انہوں نے بتایا کہ فالس سیلنگ آگ کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ دھواں کافی زیادہ تھا جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا رہا۔دھواں نکلنے کی جگہ نہیں تھی جس کے باعث وہ اندر ہی جمع ہوتا گیا۔
دریں اثنا اسٹور کے باہر سے ایک مشکوک شخص کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ اسٹور انتظامیہ کے گارڈز نے مشکوک شخص کو عمارت کے بیسمنٹ کے قریب سے پکڑا، جسے پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔
بعد ازاں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے جائے وقوع کا دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ میئر کراچی نے فائر فائٹرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں