اسرائیلی حملے؛ غزہ میں 67 اور مغربی کنارے میں 5 فلسطینی شہید

تل ابیب: اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری میں 67 فلسطینی جب کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں 5 نوجوان شہید ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے غزہ پر فوج کشی کے 100 ویں روز خان یونس اور رفح کے علاقوں میں 2 اسپتالوں، لڑکیوں کے ایک اسکول اور درجنوں گھروں کو نشانہ بنایا۔

غزہ پر حملے میں کم از کم 67 فلسطینی شہید ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
اس طرح 100 دنوں میں غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 60 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

اسرائیل کی بربریت کا اندازہ اس بات لگایا جا سکتا ہے کہ غزہ میں اب تک شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔

یہ خبر پڑھیں : غزہ پرحملوں کو 100 روز مکمل، اسرائیل حملوں میں کمی لائے ، امریکا

ادھر مغربی کنارے کے علاقے ہیبرون میں اسرائیلی فوجیوں نے ایک کار کا تعاقب کرکے اس میں سوار دو نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔

مغربی کنارے میں ہی رام اللہ کے علاقے میں اسرائیلی فوجیوں نے دو نوجوانوں پر بارودی مواد سے چیک پوسٹ پر حملے کا الزام عائد کرکے انھیں بیدردی سے قتل کردیا۔

اسی طرح اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے اریحا شہر کے پناہ گزین کیمپ میں ایک نوجوان کو گولی مار کر شہید کیا۔

صرف مغربی کنارے میں 100 دنوں میں اسرائیلی فوج اور یہودی آبادکاروں کے حملے میں 500 سے زائد فلسطینی شہید اور 1000 کے قریب زخمی ہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ 7 اکتوبر کو حماس نے اسرائیل پر حملہ کیا تھا جس میں 1500 کے قریب اسرائیلی مارے گئے تھے اور 250 اسرائیلیوں کو یرغمال بنالیا تھا جس میں اکثریت فوجیوں کی تھی اور اس دن سے اسرائیل کے غزہ پر مسلسل حملے جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں