لاہور: محمد عامر کو ٹیم میں واپسی کیلیے پھر منایا جائے گا۔
محمد عامر نے 2020میں ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس پر ناانصافی کا الزام عائد کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا مگر لیگز میں تسلسل کے ساتھ شرکت کررہے ہیں.
گزشتہ دنوں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ممکنہ کم بیک کے سوال پر انھوں نے کہا تھا کہ زندگی میں آگے بڑھ چکا ہوں،کئی دیگر مصروفیات ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ میں 3سال کا وقفہ خاصا طویل ہوتا ہے، پاکستان کا سسٹم دیکھیں تو ہر ماہ کوئی تبدیلی آجاتی ہے، آپ نہیں جانتے کہ آنے والے وقت میں کیا ہوگا، میرے لیے یہ بحث اب ختم ہوچکی ہے، میرے خیال میں کم بیک کوئی دانشمندانہ فیصلہ نہیں ہوگا۔
سوشل میڈیا پر بات کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں شاہین آفریدی نے عامر کی واپسی کے حوالے سے مثبت اشارہ دیا ہے، آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میں سینئر پیسر کے ساتھ ڈیزرٹ وائپرز ٹیم کی نمائندگی کرنے والے قومی ٹی 20ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں کم بیک کیلیے دستیابی کے حوالے سے محمد عامر کے ساتھ بات کروں گا، ہم دونوں 5سال تک اکٹھے ایکشن میں نظر آتے رہے ہیں، ان کے ساتھ بولنگ کا تجربہ بہت اچھا رہا تھا،ہم دونوں کی شراکت شاندار تھی۔
یاد رہے کہ محمد عامر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے سے قبل پاکستان کی جانب سے 36 ٹیسٹ، 61ون ڈے اور 50ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے۔