وشاکھاپٹنم: انگلش کپتان بین اسٹوکس نے زیک کرولی کو ایل بی ڈبلیو قرار دیے جانے پر ڈی آر ایس پر ہی سوال اٹھادیے۔
زیک کرولی نے اپنی ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں سب سے زیادہ 73 رنز بنائے جبکہ باقی کوئی بھی کھلاڑی 36 سے آگے نہیں بڑھ سکا۔
42 اوور کے آخر میں کلدیپ یادیو کی فل لینتھ ڈلیوری کرولی کے پیڈ سے ٹکرائی، فیلڈ امپائر ماریس ایراسمس نے انھیں ناٹ آؤٹ دیا، میزبان کپتان روہت شرما نے فیصلے کو چیلنج کرنے کیلیے وقت لیا اور پھر ریویو لے لیا، جس کا انھیں صلہ ملا جب گیند اسٹمپ سے ٹکراتی دکھائی دے رہی تھی، جس پر ایراسمس نے اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے بیٹر کو ایل بی ڈبلیو قرار دے دیا۔
میچ کے بعد اسٹوکس کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی موجود ہے مگر ہر کوئی یہ کہتا ہے کہ یہ 100 فیصد درست نہیں، اس لیے امپائرکال موجود ہے، میں سمجھتا ہوں کہ اس موقع پر ٹیکنالوجی غلط تھی، بہرحال میں اس میچ میں شکست کی وجہ اس کو قرار نہیں دے رہے مگر میری یہ ذاتی رائے ہے کہ اس موقع پر ٹیکنالوجی غلط تھی۔