لندن: برطانیہ میں ایک کار اسکریپنگ کمپنی لوگوں کو ان کے سابق معشوق کو ’اسکریپ‘ کرنے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکریپ کار کمپیریژن کمپنی نے “اسکریپ یور ایکس” نام کی ایک اسکیم متعارف کروائی ہے جس کے تحت گاڑیوں کو اسکریپنگ مشین پر بھیجنے کے بعد ان کے پرزوں کو نام دیا جائے گا جو سابق معشوق کے نام سے منسوب ہوگا۔
کمپنی نے نیوز ریلیز میں بتایا کہ یہ پیشکش ان لوگوں کے لیے ہے جن کے تعلقات اپنے کسی چاہنے والے سے ختم ہوگئے ہیں۔ یہ اسکیم محدود مدت کے لیے ہے۔ اس پیشکش کا مقصد کسی ایسے شخص کی یادوں کو ’ردی کی ٹوکری میں ڈالنا ہے‘ جو ماضی کے کسی رشتے کو بھولنا چاہتا ہے یا اسے لگتا ہے کہ اس کا سابق معشوق کسی کچرے کی طرح کوڑے دان میں جانے کے ہی لائق ہے۔
ویلنٹائن ڈے پر اسکریپنگ کمپنی کی اس نوکھی پیشکش کیلئے فرد کو صرف اپنا نام آن لائن فارم میں ڈالنا ہوگا اور یہ بتانا ہوگا کہ ان کے سابق معشوق میں ایسی کیا خامی تھی کہ وہ ایسے ہی سلوک کا مستحق ہے۔
اس کے بعد کسی گاڑی کو اسکریپنگ مشین میں ڈالا جائے جس کے بعد ہر اسکریپ شدہ گاڑی کے پرزوں پر ایک منتخب کردہ سابق معشوق کا نام لکھا ہوگا اور اس کی تصویر نام نامزد کیے جانے شخص کو بطور ثبوت بھیجی جائے گی۔