کیلیفورنیا: سماجی رابطے کے پلیٹ فارم فیس بک نے امریکا میں الیکشن سے قبل مصنوعی ذہانت کی مدد سے بنائی گئی تصاویر کی نشان دہی کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ڈیپ فیک کا استعمال کرتے ہوئے ووٹرز کو گمراہ نہ کیا جاسکے۔
فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا کے مطابق کمپنی میٹا اے آئی سے بنائی گئی فوٹو ریئلسٹک تصاویر کے ساتھ ’ایمیجنڈ وتھ اے آئی‘ کا لیبل واضح کرے گی۔
لیبل کا مقصد سماجی رابطے کے صارفین کو اس متعلق آگہی دینا ہے کہ مخصوص پوسٹس حقیقی نہیں بلکہ کمپیوٹر سے بنائی گئی ہیں۔
اگرچہ ٹیک جائنٹ بظاہر انڈسٹری کے دوسرے شراکت داروں کے ساتھ مل کر دیگر کمپنیوں کے اے آئی ٹولز سے بنائے گئے کونٹینٹ (ویڈیو، آڈیو اور تصاویر) کی نشان دہی کے لیے عالمی اسٹینڈرڈ قائم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ لیکن موجودہ ٹیکنالوجی سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ میٹا صرف ان تصاویر کو ہی لیبل کر سکتا ہے جو اس کے اپنے اے آئی امیج جنریٹر (Llama) سے بنائی گئی ہوں گی۔
میٹا کے عالمی امور کے صدر نِک کلیگ کا ایک اعلان میں کہنا تھا کہ انسانی اور مصنوعی کونٹینٹ کے درمیان فرق چونکہ مبہم ہوگیا ہے، لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ ان دونوں کے درمیان لکیر کہاں کھینچی جا سکتی ہے۔
یہ لیبل فیچر آئندہ مہینوں میں فیس بک، انسٹاگرام اور تھریڈز پر متعارف کرا دیا جائے گا۔