پاکستان فلم و ڈراما انڈسٹری کے معروف اداکار عمران عباس نے 8 فروری کو ہونے والے الیکشن سے قبل ووٹ کی اہمیت بیان کرنے کے لیے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی مدد لے لی۔
الیکشن میں صرف ایک دن باقی ہے اور اس وقت پورے ملک میں ہر طرف سیاسی ماحول ہے، سیاسی جماعتیں جگہ جگہ جلسے کرتے نظر آرہی ہیں اور ساتھ ہی الیکشن مہم بھی جاری ہے۔
ایسے میں پاکستانی شوبز اسٹارز بھی ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پیغامات جاری کررہے ہیں، انہی اسٹارز میں عمران عباس بھی شامل ہیں۔
عمران عباس نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بالی ووڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان کی سُپر ہٹ فلم ‘جوان’ کا ایک سین پوسٹ کیا جس میں کنگ خان ووٹ کی اہمیت بیان کرنے کے ساتھ ہی عوام کو سیاسی رہنماؤں کے انتخاب کے لیے احتیاط سے کام لینے کی اپیل کررہے ہیں۔
شاہ رخ خان کہتے ہیں کہ “جب آپ کوئی بھی اشیا خریدتے ہیں تو اس اشیا سے متعلق دکاندار سے ڈھیروں سوال کرتے ہیں تو پھر ووٹ دینے سے قبل سیاسی رہنما سے سوال کیوں نہیں کرتے؟ آپ کے ایک ووٹ سے ہی پورے ملک کے مستقبل کا فیصلہ ہوتا ہے تو پھر آپ اس اہم فرائض کی ادائیگی سے قبل سوال کیوں نہیں کرتے؟”
یہ ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے عمران عباس نے صارفین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ “یہ دیکھیں، شاید آپ لوگوں کو کچھ سمجھ آجائے”۔
واضح رہے کہ 8 فروری جمعرات کے روز ملک بھر میں عام انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے، ووٹ ڈالنے کے لیے رائے دہندگان کو صبح 8 بجے سے لے کر شام 6 بجے تک کا وقت دیا گیا ہے۔