ممبئی: نامور بالی ووڈ اداکار ارشد وارثی اور اُن کی اہلیہ ماریا گورٹی نے شادی کے 25 سال بعد اپنی شادی کی رجسٹریشن کروالی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ارشد وارثی اور اُن کی اہلیہ ماریہ گورٹی نے 23 جنوری 2024 کو عدالت میں اپنی شادی رجسٹر کروائی، اس حوالے سے اداکار نے کہا کہ اُن کے ذہن میں کبھی شادی رجسٹر کروانے کا خیال نہیں آیا لیکن اب انہیں جائیداد کے معاملات سے نمٹنے کے دوران اس کی اہمیت کا احساس ہوا۔
ارشد وارثی نے کہا کہ اگر جائیداد کے معاملات نہیں ہوتے تو وہ کبھی اپنی شادی رجسٹر نہیں کرواتے کیونکہ 25 سال سے وہ اور اُن کی اہلیہ ایک مضبوط رشتے میں ہیں تو اسی لیے اُنہیں کبھی قانونی کارروائیوں کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔
دورانِ انٹرویو ارشد وارثی نے انکشاف کیا کہ انہوں نے 14 فروری ویلنٹائن ڈے (محبتوں کا عالمی دن) پر اہلیہ سے شادی کی تھی لیکن وہ کبھی بھی ویلنٹائن ڈے پر شادی نہیں کرنا چاہتے تھے۔
مزید پڑھیں: ارشد وارثی نے پاکستانی اداکارہ سارہ لورین کو دھوکے باز قرار دے دیا
ارشد وارثی نے 14 فروری کو شادی کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اُن کی اہلیہ ماریہ کے والدین چاہتے تھے کہ ان کی جلد شادی ہو جائے، وہ ایک سال تو دور کی بات ایک دن بھی انتظار نہیں کرنا چاہتے تھے، اسی لیے انہوں نے ویلنٹائن ڈے پر شادی کی۔
اداکار نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اب اُن کے لیے ویلنٹائن ڈے کی سب سے خوفناک یاد یہ ہے کہ انہوں نے شادی کی۔
واضح رہے کہ ارشد وارثی نے سال 1999 میں 14 فروری کو ماریہ گورٹی کے ساتھ شادی کی تھی، اس جوڑی کے دو بچے ہیں۔