اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ ہم چھوٹی جماعتوں کیساتھ مل کر حکومت بنائیں گے اور 99 فیصد امیدوار ہمارے ساتھ ہیں۔
سینیٹر علی ظفر، ایڈوکیٹ حامد خان اور عمیر نیازی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو 20 سے 25 کروڑ روپے آفر دی جارہی ہے لیکن یہ پارٹی سپورٹڈ امیدوار ہیں ان کی خرید و فروخت خلاف آئین ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے فری اینڈ فیئر انتخابات کے لیے کوششیں کی لیکن پہلے ہمارے امیدواروں کے خلاف کریک ڈاون ہوا اور 5 دنوں کے اندر تین سزائیں دی گئیں۔ پیغام دیا گیا کہ خان صاحب لمبے عرصے کے لیے جیل جاچکے ہیں آپ کسی اور طرف ووٹ دیں لیکن ہماری جماعت نے نشان کے بغیر، لیڈر شپ جیلوں میں ہونے کے باوجود بہت بڑا مینڈیٹ دیا ہے۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ اسلام آباد کی تین سیٹیں جیت چکے ہیں، بلوچستان میں 4 سیٹیں جیتی ہیں، پنجاب میں 115 سیٹیں جیت چکے ہیں جبکہ سندھ میں 16 اور کے پی میں 44 سیٹیں جیتی ہیں لہٰذا عوام کے ووٹ کا احترام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے ووٹ کی گنتی کریں جو نتائج ہیں تسلیم کریں گے، اب اس مینڈیٹ کے ساتھ چلتے ہوئے ہم اپنی حکومت بنانے کی کوشش کریں گے۔ کے پی میں وزیراعلیٰ کے لیے علی امین گنڈا پور کو نامزد کیا ہے، وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے نام کا اعلان بھی جلد کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات بہت جلد ہوں گے۔