جج کے ساتھ تعینات پولیس کانسٹیبل کو نامعلوم مسلح افراد نے گھات لگا کر قتل کردیا اور فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق نیوکراچی میں گھات لگائے نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ہیڈ کانسٹیبل کوقتل کردیا۔ شہید اہل کار سکیورٹی ون میں تعینات تھااورایک جج کے ساتھ بحیثیت گن من فرائض انجام دے رہا تھا۔ایس ایس پی سینٹرل نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق شہید ہیڈ کانسٹیبل کو منگل کی صبح ڈیوٹی پرجانے کے لیے گھرسے نکلتے ہی گھات لگائے نامعلوم مسلح ملزمان نے نشانہ بنایا۔ پولیس کوجائےوقوع سے 9 ایم ایم پستول کے 2 خول ملے ہیں، جنہیں پولیس نے اپنے قبضے میں لے کر واقعے کی مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی ہے۔
بلال کالونی تھانے کےعلاقے نیوکراچی سیکٹرفائیوایم نازیہ اسکوائرکے قریب ٹارگٹ کلنگ میں شہید 48 سالہ پولیس کانسٹیبل وحید ولد طارق پرویز کے سر پر گولی لگی، جسے شدید زخمی حالت میں اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
فائرنگ کے واقعے کی اطلاع پرایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی ،ایس پی نیو کراچی فیصل نوراوردیگر پولیس افسران موقع پر پہنچے اورفوری طور پرکرائم سین یونٹ کو طلب کیا گیا۔ جائے وقوع کو سیل کرکے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جس وقت شہید ہیڈ کانسٹیبل پرفائرنگ کی گئی اس وقت وہ سادہ لباس میں تھا۔ شہید ہیڈ کانسٹیبل اس سے قبل خواجہ اجمیر نگری اوربلال کالونی تھانے میں بھی تعینات رہا جب کہ وہ بلال کالونی تھانے میں اسپیشل پارٹی کا بھی حصہ رہ چکا تھا۔
پولیس جائے وقوع کے ارد گرد لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے، علاوہ ازیں جائے وقوع کی جیو فینسنگ بھی کرائی جا رہی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ کن وجوہات کی بنا پر ہیڈ کانسٹیبل کو ٹارگٹ کیا گیا۔
شہید ہیڈ کانسٹیبل کے چھوٹے بھائی واجد نے بتایا کہ ان کا بھائی گزشتہ 3 سال سے جج کے ساتھ ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا۔ اس سے قبل وہ مختلف تھانوں میں بھی ڈیوٹی کر چکا تھا ۔ بھائی کو کسی قسم کی کوئی تھریٹ نہیں تھی۔ ان کے بھائی 7 بج کر25 منٹ پر گھر سے ڈیوٹی جانے کے لیے نکلے ہیں، ان کا لنچ باکس موٹر سائیکل پررکھا ہوا تھا۔ گھر سے نکلتے ہی گھات لگائے مسلح ملزمان نے ان پر فائرنگ کی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھائی کے قتل میں ملوث ملزمان کا جلد از جلد سراغ لگا کرانہیں کیفر کردارتک پہنچایا جائے