لاہور / اسلام آباد: وفاقی وزیر ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ آئی ٹی سیکٹر میں 10 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرلیں گے۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر عمر سیف نے سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے زیر اہتمام تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاندار کارکردگی کی حامل کمپنیوں کو نقد انعامات کے ساتھ خصوصی ایوارڈز بھی دیے ہیں، انھوں نے کہا کہ معاشی استحکام میں اہم کردار، ادا کرنے پر آئی ٹی انڈسٹری سہولیات اور انعامات کی مستحق ہے، معیشت میں بنیادی اہمیت کی حامل آئی ٹی انڈسٹری مراعات، اور انعامات کی مستحق ہے، پاکستانی ہنرمندوں کی ڈیجیٹل صلاحیتوں کی خدمات کے عوض کروڑوں ڈالر کا بھاری زرمبادلہ مل رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ای روزگار منصوبے سے آئی ٹی ایکسپورٹ میں 10 ارب ڈالر سالانہ اضافہ ہوگا، وزیرآئی ٹی
ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ خصوصی فنڈ سے مثبت نمو کی حامل 550کمپنیوں کی 6کیٹگریز میں80کروڑ روپے سے زائدتقسیم کئے گئے۔جس کیلیے پہلی ٹاپ 100 کمپنیوں کو 25 لاکھ روپے فی کس انعام دیا گیا 100 کمپنیوں کو 20 لاکھ، 100 کمپنیوں کو 15 لاکھ، 100 کمپنیوں کو 12 لاکھ 50 ہزار کے انعام ملے، مزید 100 کمپنیوں کو 7 لاکھ 50 اور 50 کمپنیوں کو فی کس 5 لاکھ روپے نقد انعامات سے نوازا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ای روزگار، فری لانسرز30 ڈالر یومیہ کما سکتے ہیں، وزیر آئی ٹی
ڈاکٹر عمر سیف کے مطابق ان 550 کمپنیوں میں سے ٹاپ 10 کمپنیوں کو شاندار کارکردگی پر نقد انعامات کے ساتھ ٹرافی بھی عطا کی گئیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور آئی ٹی کمپنیوں کی ایسوسی ایشن (پاشا) کے اشتراک سے آئی ٹی ٹیسٹ میں کامیاب 3500 امیدواروں زیرتربیت نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے والی کمپنیوں کو فی امیدوار 50 ہزار روپے ادا کئے جائیں گے۔ان نوجوان ہنرمندوں کو عملی دنیا میں کام کرنے کا موقع اور تجربہ مل سکے گا۔