ممبئی: بیٹیاں سب کی لاڈلی اور چہیتی ہوتی ہیں اور جب یہ بیٹیاں کسی فلم اسٹار کی ہوں تو لاڈ پیار سے بڑھ کر وہ خود بھی سلیبیریٹی بن جاتی ہیں اور ناز نخرے کس یاسٹار سے کم نہیں ہوتے۔
اس بات کا اندازہ کڑی محنت اور بہت برے دن گزار کر اسٹار بننے والے بھارتی اداکار نواز الدین صدیقی کو اُس وقت ہوا جب وہ اپنی بیٹی شورہ کے ساتھ دبئی میں شاپنگ کو گئے۔
شاپنگ میں نواز الدین صدیقی کی بیٹی نے ایک چھوٹا سا بیگ خریدنے کی خواہش ظاہر کی جس پر فلم اسٹار نے کہا کیوں نہیں اور دل میں خوش ہونے لگے کہ بیٹی نے کم خرچہ کرایا ہے۔
لیکن ابھی اپنی اداکاری سے فل بینوں کے ہوش اُڑانے والے نواز صدیقی کے ہوش اُڑنا باقی تھے۔ جب انھوں نے اس چھوٹے سے بیگ کی قیمت دیکھی تو وہ ڈھائی لاکھ بھارتی روپے (تقریباً پاکستانی 8 لاکھ 40 ہزار) تھی۔
اس ’’صدمے‘‘ سے نوازالدین صدیقی کے ہوش اُڑ گئے۔ جس کا اظہار انھوں نے خود ایک انٹرویو میں کرتے ہوئے بتایا کہ میں اس چھوٹے سے بیگ کی قیمت دیکھ کر دنگ رہ گیا تھا اور یقین کریں ہوش اُڑ گئے تھے میرے۔
نواز الدین صدیقی نے مزید بتایا کہ میں سمجھا تھا کہ اتنے چھوٹے سے بیگ کی قیمت 20 سے 25 ہزار روپے ہوگی۔ بہرحال جیب خالی کرنے کے علاوہ میرے پاس کوئی اور راستہ نہ تھا۔