اسلام آباد: سابق جج سپریم کورٹ جسٹس ریٹائرڈ مظاہر نقوی کا کہنا ہے کہ آئین، قانون اور عدالتی فیصلوں کے مطابق ریٹائرڈ ججز کے خلاف کارروائی کونسل کا دائرہ اختیار نہیں۔
سیکریٹری جوڈیشل کونسل کو خط میں جسٹس ریٹائرڈ مظاہر نقوی نے کہا کہ کونسل کی کارروائی میرے استعفے کے باوجود جاری ہے جبکہ میں 10 جنوری کو مستعفی ہو چکا ہوں جسے صدر نے منظور کر لیا۔
خط میں انہوں نے کہا کہ میرے استعفے کی منظوری کا نوٹیفکیشن آفیشل گزٹ میں بھی شائع ہو چکا ہے اس لیے سپریم جوڈیشل کونسل کا 12 جنوری کا حکم غیر قانونی ہے، اس معاملے پر سپریم جوڈیشل کونسل اپنے اختیار سے تجاوز کر رہی ہے۔
جسٹس ریٹائرڈ مظاہر نقوی کا کہنا تھا کہ میں آئینی اور قانونی طور پر کونسل کی اس کارروائی کا حصہ بننے کا پابند نہیں۔