لاہور: جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوری نے متفقہ طور پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا استعفی مسترد کردیا۔
منصورہ میں نائب امیر لیاقت بلوچ کی زیر صدارت جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں ملک بھر سے اراکین مرکزی مجلس شوری شریک ہوئے۔
اجلاس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے استعفی پر غور کیا گیا۔ مرکزی مجلس شوری نے متفقہ طور پر استعفی مسترد کرتے ہوئے سراج الحق پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وہ دستور کے مطابق اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔
شوریٰ نے کہا کہ انتخابات میں ناکامی امیر جماعت کی نہیں دھاندلی کی وجہ سے ہوئی، انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں ، چیف الیکشن کمیشن فوری استعفیٰ دیں۔
واضح رہے کہ کچھ دن پہلے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے انتخابات میں مطلوب کامیابی نہ ملنے پر امارت سے استعفیٰ دیا تھا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ناکامی کی ذمہ داری قبول کی تھی اور اپنے استعفیٰ میں کارکنان کی محنت کو قابل تحسین قرار دیا تھا۔