پختونخوا میں بارشیں اور برفباری شروع ہونے کا امکان، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

پشاور: پختونخوا میں بارشیں اور برفباری شروع ہونے کا امکان ہے جب کہ اس دوران لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ خیبرپختونخوا میں کل سے بارشوں،تیز ہواؤں اور بالائی اضلاع میں برفباری کانیا سلسلہ سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں بادل منڈلانے لگے ہیں۔

قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے نے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے لیے نیا مراسلہ جاری کردیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد قیصر خان کے مطابق بارشوں اور برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ برفباری اور بارشوں سے لینڈسلائیڈنگ کے خدشات ہیں، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاتی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے اپنے مراسلے میں کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اورسڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لیے متبادل راستے فراہم کیے جائیں۔ حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے۔

واضح رہے کہ صوبے میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ 20 فروری تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں