اسلام آباد: عدالتی حکم کے باوجود شہریار آفریدی کو ایم پی او کے تحت گرفتار کرنے کے خلاف درخواست پر ڈپٹی کمشنر طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئے جس پر ہائی کورٹ نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کے خلاف ایم پی او جاری کرنے کے اختیارات سے تجاوز کے کیس میں عدالتی حکم عدولی پر ڈی سی اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔
ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر اور ایس پی فاروق بٹر عدالت کے سامنے پیش ہوئے ساتھ ہی پراسیکیوٹر قیصر امام بھی عدالت میں موجود تھے۔
وکیل راجہ رضوان عباسی نے کہا کہ ڈی سی اسلام آباد کو عمرے پر جانا ہے ان کی والدہ نے کہا تھا اس لیے ابھی عرفان نواز میمن خیر پور میں ہیں۔
جسٹس بابر ستار نے کہا کہ کل عدالت نے عرفان نواز میمن کی درخواست منظور نہیں کی تھی۔ بعد ازاں عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔