واشنگٹن: امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے چاند پر ایڈوانس ‘ریلوے’ بنانے اور انسانوں اور سامان کو مریخ پر منتقل کرنے کے منصوبے کیلئے فنڈنگ شروع کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن میں ناسا کے ہیڈ کوارٹر میں ایجنسی کے خصوصی نمائندے اور ناسا اینویٹیو ایڈوانس کانسیپٹس (این آئی اے سی) پروگرام کے ایگزیکٹو جان نیلسن نے کہا کہ ناسا ایسے منصوبوں پر کام کرے گا جو سائنس فکشن جیسے تصورات ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اگرچہ اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ وہ جلد ہی عمل میں لائے جائیں گے لیکن یہ ممکن ہے کہ کسی دن مستقبل میں یہ حقیقت کا روپ دھار لیں۔
ان منصوبوں میں چاند پر جدید ریلوے کا نظام، مائع پر مبنی دوربین اور انسانوں اور سامان کو مریخ تک لے جانے کے لیے ٹرانزٹ سسٹم شامل ہیں۔ یہ ان منصوبوں میں سے ہیں جن پر NASA کا این آئی اے سی پروگرام تحقیق جاری رکھنے کے لیے فنڈز وصول کررہا ہے۔
نمائندے کا یہ بھی کہنا تھا کہ کُل چھ منصوبے ہیں جن میں سے ہر ایک این آئی اے سی کے ابتدائی مرحلے سے گزرچکا ہے۔ اب دوسرا مرحلے میں یہ منصوبے مزید تحقیق کے لیے اگلے دو سالوں تک 600,000 ڈارلز جمع کریں گے۔
جان نیلسن نے کہا کہ ہمارا این آئی اے سی عملہ کچھ نہ کچھ حیران کُن اور حوصلہ افزا آئیڈیا متعارف کراتا رہتا ہے اور یہ منصوبے یقینی طور پر ناسا کو مستقبل میں ممکنات کے بارے میں سوچنے پر مجبور کرتی ہے۔