ممبئی: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں انڈین آرمی کی تیز رفتار گاڑی سامنے سے آنے والی مسافر بس اور ایک کار سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تصادم اتنا خوفناک تھا کہ ملٹری وہیکل کے اگلے حصے میں اگ بھڑک اُٹھی اور مسافر بس کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا جس میں موجود ڈرائیور اور کلینر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ کار کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
حادثے کا شکار ہونے والی بھارتی فوج کی گاڑی اہلکاروں کع لے کر بھوپال جا رہی تھی۔ اچانک زوردار دھماکے کی آواز آئی اور تیز رفتار گاڑی ہائی وے پر لڑکھڑاتی ہوئی سامنے سے آنے والی گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔
بھارتی فوجی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے اور حادثے کو دہشت گردی کا کوئی واقعہ سمجھنے لگے۔ مزید نفری بھی طلب کی گئی تاہم تحقیقات میں ثابت ہوا کہ حادثہ ملٹری وہیکل کے ٹائر کے پھٹنے کے باعث ہوا۔
زخمی ہونے والوں میں بھارتی فوج کے اہلکار بھی شامل ہیں جن کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ 3 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔