نارووال: نارووال میں لڑکیوں سے زیادتی کے دو ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے جب کہ دیگر ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
زرائع کے مطابق خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور زیادتی کی ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والے دو ملزمان اپنے ہی نامعلوم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق پولیس تھانہ ندوکے کی ٹیم گرفتار دو ملزمان زبیر عرف زوہیب اور ماجد کو دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے لے کر جا رہی تھی کہ نہر کی پٹڑی کے قریب پہنچنے پر پانچ نامعلوم ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔
پولیس نے حفاظت خود اختیاری کے تحت ملزمان پر جوابی فائرنگ کی اسی دوران دو ملزمان ماجد اور زبیر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان خواتین کے ساتھ ہراسگی، زیادتی اور ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث اور ریکارڈ یافتہ تھے۔ نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں جن کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے گا۔
دریں اثنا ترجمان نارووال پولیس کے مطابق ڈی پی او نارووال ملک محمد نوید کی سربراہی میں نارووال پولیس نے نہر کی پٹڑی پر خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور نازیبا حرکات میں ملوث مزید چند ملزمان کو بھی گرفتار کیا ہے۔تھانہ ندوکے میں اطلاع موصول ہوئی تھی کہ نہر کی پٹڑی پر کچھ اوباش لڑکے خواتین کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہیں، نازیبا حرکات کرتے ہیں اور ان کی ویڈیوز بناتے ہیں اور بلیک میل کرتے ہیں۔
نہر کنارے سیر و تفریح کے لیے جانے والی فیملیز کو ہراساں کیا جارہا ہے، نازیبا ویڈیو بنانے والا گروہ مبینہ طور 10 سے زائد نوجوان لڑکیوں خواتین سمیت کو ہراساں کرچکا ہے اور نازیبا ویڈیو بنا کر ڈھائی لاکھ روپے وصول کرچکا ہے۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات ’’نیور اگین‘‘ مہم کے تحت نارووال پولیس نے یہ کارروائی کی۔ پولیس ٹیم نے تمام شواہد کے بغور جائزے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے متعدد مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا۔