کراچی: سائٹ سپرہائیوے صنعتی ایریا میں ڈکیتوں کی فائرنگ سے پولیو ورکرزخمی ہوگیا، پولیس نے ایک ڈکیت کوگرفتارکرکے اس کے قبضے سے اسلحہ اورموٹرسائیکل برآمد کرلی جبکہ اس کے دو ساتھی موقع پر سے فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سائٹ سپرہائیوے صنعتی ایریا تھانے کےعلاقے نجی ٹیکسٹائل مل کے قریب ڈکیتوں کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی گیا، فائرنگ کی آواز سن پرعلاقہ پولیس بھی موقع پرپہنچ گئی اورپولیس نے ایک ملزم کوگرفتارکرکے اس کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی جبکہ اس کے 2 ساتھی فرارہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق زخمی شہری کی شناخت 27 سالہ آعظم ولد ایوب کے نام سے کی گئی، زخمی شہری پولیوورکربتایا جاتا ہے،زخمی شہری سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع بینک سے رقم نکلواکرجارہا تھا کہ شہری سے سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود میں ہی تین مسلح ملزمان اسلحے کے زورپررقم چھین کرفرارہوگئے۔
متاثرہ شہری ڈکیتوں کا پیچھا کرتے ہوئے سائٹ سپر ہائی وے میں آیا جہاں شہری اورڈکیتوں سے مڈبھیڑ ہوئی جس پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے شہری زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے موقع پرپہنچ کرایک ملزم محمد راشد ولد حکیم کو گرفتارکرلیا جبکہ اس کے دو ساتھی موقع پر سے فرار ہو گئے، پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔