شمالی وزیرستان؛ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کیپٹن شہید، 2 دہشتگرد مارے گئے

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا مؤثر انداز میں پتا لگایا اور سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہید ہوگئے، کیپٹن محمد اسامہ قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے.کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔ انہوں نے اکتوبر 2020ء میں پاکستان آرمی کی این ایل آئی رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ 24 سالہ کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد نے 4 سال تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ انجام دیا۔

کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد کے سوگواران میں والد، والدہ، بھائی اور 4 بہنیں شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے سے دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں