وزیرداخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیرڈونلڈ بلوم کی ملاقات

اسلام آباد: امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیرداخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزارت داخلہ آمد پرامریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا خیر مقدم کیا۔ دونوں شخصیات نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں انسداد دہشت گردی ،انسداد منشیات اور سیکورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ دونوں ممالک کے اشتراک سے اکتوبر میں لا انفورسمنٹ ڈائیلاگ کا انعقاد کیا جائے گا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانے میں امریکی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں وزارت داخلہ بھر پور معاونت کرے گی۔ حالیہ دورہ نیویارک میں اسلام آباد پولیس اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے درمیان تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ اسلام آباد پولیس کا وفد جلد نیویارک کا دورہ کرے گا۔ پولیس افسران کو نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ سے ٹریننگ دلوانے کے خواہش مند ہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان میں مقیم تمام اقلیتوں کو آئین پاکستان کے تحت مساوی حقوق حاصل ہیں۔ اقلیتوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ جڑانوالہ سانحہ کے تمام ملزمان کو گرفتار کرے قانون کے سامنے پیش کیا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ امریکا میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا انعقاد کامیاب رہا اور بہترین انتظامات کئے گئے۔ امریکا بین الاقوامی کرکٹ کی نئی منزل بنا ہے۔ پاکستان ، امریکا اورکینیڈا کی سہ ملکی سیریز اور امریکا اور کینیڈا میں کرکٹ لیگ کے انعقاد پر کام کررہے ہیں۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ شائقین کی بڑی تعداد دلچسپ اور سنسنی خیز میچز سے محفوظ ہوئی۔ وزیرداخلہ اور امریکی سفیر کی ملاقات میں وفاقی سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں