سرینگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوڑی میں حال ہی میں قائم کیے گئے بھارتی فوج کے نئے اڈے پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور 3 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجی اڈے پر حملہ اتنا اچانک کیا گیا تھا کہ فوجیوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ افسران اور اہلکار خوف زدہ ہو کر بھاگ کھڑے ہوئے۔ فوجی کیمپ میں سائرن بجنے لگے اور ہر طرف افراتفری مچ گئی۔
بھارتی فوج کے ترجمان نے تصدیق کی کہ حملے میں ایک فوجی اہلکار مارا گیا جب کہ حملہ آور جوابی فائرنگ کا مقابلہ نہ کرسکے اور فرار ہوگئے۔
کسی بھی جماعت کی طرف سے تاحال حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔
یہ خبر پڑھیں : بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں کشمیری نوجوان شہید
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد بھارتی فوجی اڈے سے متعدد ایمبولینسوں کو باہر نکلتے اور اسپتال کی جانب دیکھا گیا ہے جن میں زخمی بھارتی فوجی موجود تھے۔
عینی شاہدین نے مزید بتایا کہ زخمی بھارتی فوجیوں کی تعداد 10 کے قریب ہوسکتی ہے تاہم بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ 3 اہلکار معمولی زخمی ہوئے جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
دوسری جانب قابض بھارتی فوج نے حملے کے بعد اطراف میں سرچ آپریشن کیا۔ گھر گھر تلاشی کے دوران بھارتی فوج کی فائرنگ میں ایک کشمیری جوان شہید ہوگیا۔
شہید نوجوان کی لاش لواحقین کے حوالے نہیں کی گئی اور نہ ہی شناخت ظاہر کی گئی.