نیپال میں طیارہ ٹیک آف کے دوران حادثے کا شکار؛ پائلٹ محفوظ، تمام مسافر ہلاک

کھٹمنڈو: نیپال کے دارالحکومت میں مسافر بردار طیارہ ٹیک آف کے وقت رن وے پر گر گیا اور اس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کی شکار سوریا ایئر لائنز کی پرواز میں عملے کے 2 ارکان اور 17 مسافر سوار تھے جو کہ اسی ایئرلائن کمپنی کے ملازمین تھے۔

نیپال کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ پرواز یا تو تکنیکی مقاصد یا دیکھ بھال اور کارکردگی جانچنے کے لیے چلائی جا رہی تھی۔

طیارہ کے ٹیک آف کے دوران رن وے سے ٹکرایا اور گرتے ہی اس میں آگ بھڑک اُٹھی تھی جس سے طیارہ دیکھتے ہی دیکھتے مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔

امدادی کاموں کے دوران طیارے سے ایک غیر ملکی سمیت 18 لاشیں نکالی گئیں جب کہ پائلٹ کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

تاحال حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا تایم مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ طیارہ ابھی فضا میں بلند نہیں ہوا تھا بلکہ رن وے پر دوڑتے ہوئے پھسلنے کے باعث حادثہ ہوا اور جہاز میں آگ لگ گئی۔

تاہم آزاد ذرائع سے مقامی میڈیا کے اس دعوی کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

نیپال میں جنوری 2023 میں ہونے والے ایک طیارہ حادثے میں 72 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس سال کے شروع میں تھائی ایئر ویز کا ایک طیارہ اسی ہوائی اڈے کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 113 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اسی طرح 1992 میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے طیارے میں سوار تمام 167 افراد کھٹمنڈو ہوائی اڈے کے قریب طیارہ گرنے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ نیپال میں دنیا کے خطرناک ترین رن وے ہیں جو بلند اور برف سے ڈھکی چوٹیوں سے گھیرے ہوئے ہیں اور یہاں کسی بھی تجربہ کار پائلٹ کے لیے بھی لینڈنگ کرنا ایک چیلنج ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں