لاہور: پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں بیٹھے قیدی کا مشن دھرنوں کے ذریعے اقتدار تک پہنچنا ہے۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بیان میں کہا کہ جو بھی قانون کی خلاف ورزی کرے گا اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ احتجاج اور دھرنے کے نام پر شہریوں کی زندگی اجیرن بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جو جماعت 2014 سے سڑکوں پر ہے وہ 3 دن گھر میں آرام کرلے۔ اڈیالہ جیل کے قیدی کا مشن دھرنوں کے ذریعے اقتدار تک پہنچنا ہے تاہم اب پہلے جیسی سہولت کاری دستیاب نہیں اور نہ ہی دھرنے کے فنانسر میسر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی سیاسی تاریخ سڑکوں اور چوک چوراہوں کے گرد ہی گھومتی ہے۔ پاکستان میں انتشار، افراتفری اور ہیجان کی کیفیت پیدا کرنا ہی پارٹی کا ایجنڈا ہے۔ آپ لوگوں کو اڑھائی گھنٹے والی بھوک ہڑتال ہی سوٹ کرتی ہے۔ 3 سے 7 والی ٹائمنگز بہترہیں۔
وزیراطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ دھرنا پارٹی کے پاس احتجاج اور دھرنے کے لیے خیبرپختونخوا موجود ہے۔ کچھ دن پہلے بنوں میں ہونے والے افسوسناک واقعے پر ابھی بھی قوم کے بہت سارے سوالات موجود ہیں۔ خیبرپختونخوا کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ ان پر خرچ ہونے والا پیسہ اگلے 5 سال تک دھرنوں اور احتجاج پر خرچ ہوگا۔ مریم نواز پنجاب کے عوام کو سستی روٹی ، سستا آٹا اور مفت ادویات دے رہی ہیں جبکہ کے پی کے عوام 11 سال سے انقلابی تقریریں اور ریاست مخالف پروپیگنڈے سے پیٹ بھر رہے ہیں