بچوں کے اغوا، بدفعلی کا نشانہ بنانے والے گینگ کے دو ملزمان گرفتار

لاہور میں معصوم بچوں کو اغوا اور بدفعلی کا نشانہ بنانے والے گینگ کے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 5 اغوا ہوئے بچوں کو بازیاب کروالیا جبکہ 2 ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے بچوں کے اغواء کے نوٹس لیتے ہوئے پولیس ٹیمز کو بچوں کی بحفاظت بازیابی کا ٹاسک دیا تھا۔

پولیس کی کارروائی میں بازیاب ہونیوالے کمسن بچوں میں محمد فہد، ذوہیب، عبد الوحید، امتیاز اور عبد الوہاب شامل ہیں جبکہ ملزمان میں عمر رضوان اور محمد نوید گرفتار کیے گئے ہیں۔

ملزمان بچوں کو ورغلا پھسلا کر نجی سوسائٹی کے مکان میں لے جاتے اور بدفعلی کا نشانہ بناتے تھے۔

ڈاکٹر انوش مسعود کا کہنا ہے کہ مغوی بچوں کے ورثاء نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں مقدمات درج کروا رکھے تھے، ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات کی توقع ہے۔

ایس ایس پی ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کے لیے شب و روز کوشاں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں