اسلام آباد: تحریک انصاف نے آج اسلام آباد میں احتجاج ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔
پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مغل نے کہا ہے کہ آج احتجاج کی کال دے رکھی تھی، اجازت کے لیے قانونی راستہ اپنایاا ور ڈی سی کو 23 جولائی کو درخواست دی، ڈی سی کی طرف سے اجازت نہ ملنے پر ہم نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا مگر ابھی تک عدالت نے احتجاج کے حوالے سے تحریری اجازت نہیں دی۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں احتجاج کی اجازت کیلیے پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
عامر مغل نے کہا کہ معزز عدالت نے دوران سماعت پیر 29 جولائی کو اجازت دینے کا عندیہ ظاہر کیا تھا اور فیصلہ محفوظ کر لیا تھا مگر محفوظ فیصلہ بھی تاحال نہیں سنایا گیا، معزز عدالت اور قانون کا بے حد احترام کرتے ہیں، پارٹی کی مرکزی قیادت کو اعتماد میں لے کر آج کے احتجاج کو عدالتی حکم کے احترام میں پیر تک موخر کررہے ہیں