افغان بورڈ کے بعد کرکٹر محمد نبی اور وکٹ کیپر رحمان اللہ گرباز نے بھی چیمپئینز ٹرافی 2025 کیلئے پاکستان آنے کی تصدیق کردی۔
گزشتہ دنوں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی سالانہ میٹنگ میں افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین واعظ اشرف اور نصیب خان نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات میں ٹیم پاکستان بھیجنے کی حامی بھری تھی۔
افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی)، محمد نبی اور رحمان اللہ گرباز نے سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئینز ٹرافی 2025 کیلئے میزبان ملک جائیں گے۔
سابق افغان کپتان محمد نبی نے شائقین پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جھوٹی خبروں کو نظر انداز کریں، افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں۔
قبل ازیں سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ اکاؤنٹس کے ذریعے خبریں پھیلائی جارہیں تھی کہ بھارت کی طرح افغان ٹیم میں سیکیورٹی خدشات کے باعث چیمپئینز ٹرافی 2025 کیلئے پاکستان کا رخ نہیں کرے گی.