لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کے بعد اغواء کرنے کے کیس کی ملزمہ آمنہ عروج کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا تحریری حکم جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے ایک صفحے پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ تفتیشی افسر کی استدعا قابل فہم ہے، ملزمہ آمنہ عروج کا چار دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے۔
تحریری فیصلے کے مطابق ملزمہ آمنہ عروج سورج طلوع ہونے سے سورج غروب ہونے تک پولیس کے پاس رہے گی جبکہ ملزمہ کو 30 جولائی کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ تفتتیشی افسر انسپکٹر عمران یوسف نے ملزمہ کو عدالت میں پیش کیا اور تفتیشی افسر نے ملزمہ سے ریکوری کے لیے 20 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
واضح رہے کہ آمنہ عروج نامی خاتون نے رات دیر گئے خلیل الرحمان قمر کو فون کرکے اپنے گھر بلایا تھا کہ وہ ڈرامہ بنانا چاہتی ہیں اور جب وہ خاتون کے گھر پہنچے تو مسلح افراد نے واردات کی اور اُنہیں اغواء کرلیا تھا۔
خلیل الرحمان قمر نے اغوا کاروں کو بھاری رقم دی جس کے بعد اُنہیں چھوڑ دیا گیا تھا.