بیجنگ: مسلسل ہونے والی بارشوں اور سیلاب نے چین کے وسطی صوبے ہنان میں بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سیلاب کے باعث پہاڑی علاقے میں ایک گیسٹ ہاؤس پر مٹی کا بڑا تودہ گرگیا جس میں 18 افراد دب گئے۔
ریسکیو ٹیم کے انچارج نے بتایا کہ امدادی کاموں کے دوران 11 لاشیں نکالی گئیں جب کہ ایک شخص تاحال تک لاپتا ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ملبے سے 6 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
چین میں رواں مون سون میں بارشوں اور سیلاب میں ہلاکتوں کی تعداد 100 کے قریب پہنچ گئی۔ مئی میں ہائی وے کے نزدیک مسلسل بارشوں میں ایک عمارت کے منہدم ہونے سے 48 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
چین میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث غیر متوقع اور معمول سے زیادہ بارشوں کا سامنا ہے جس نے سیلابی کیفیت اختیار کرلی ہے جس سے جانی اور مالی نقصان میں اضافہ ہوا۔