پورٹ او پرنس: ہیٹی کے وزیر اعظم گیری کونیل پر خطرناک گینگ کے کارندوں نے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کردی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ہیٹی کے وزیراعظم گیری کونیل کو اُس اسپتال کے قریب نشانہ بنایا جہاں پہلے گینگسٹرز کا قبضہ تھا اور حال ہی میں سیکیورٹی فورسز نے قبضہ واگزار کروایا تھا۔
وزیراعظم آج اسپتال کی بحالی اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پہنچے تھے اور وہاں سے واپسی پر ان پر حملہ کردیا گیا۔
گولیاں چلتے ہی وزیراعظم کو محافظوں نے گھیرے میں لے لیا اور حفاظتی حصار میں محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ حملہ آروں کی فائرنگ میں 2 سے 4 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ شورش زدہ ہیٹی میں وزیراعظم گیری کونیل نے رواں برس جون میں ملک کی عبوری صدارتی کونسل نے مقرر کیا تھا۔ یہ عبوری صدارتی کونسل اقوام متحدہ کی حمایت سے تشکیل دی گئی ہے۔
ہیٹی کے وزیراعظم گیری کونیل کی سیکیورٹی پر ملکی پولیس اور کینیا کی سیکیورٹی فورس کے اہلکار مامور ہیں۔
ہیٹی میں جرائم پیشہ افراد کے مختلف گینگز کی بھرمار ہے اور دارالحکومت کا 80 فیصد علاقہ مختلف گینگسٹرز کے قبضے میں ہے۔ قتل، جنسی زیادتی اور اغوا برائے تاوان کے واقعات عام ہیں۔
گینگسٹرز کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے جاری خونی جھگڑوں کا اختتام حال ہی ہوا ہے اور ملک میں امن قائم ہونے کی امید پیدا ہوگئی تھی