راولپنڈی: جماعت اسلامی کا دھرنا آج چھٹے روز میں داخل ہوگیا جب کہ حکومتی ٹیم کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور آج ہوگا۔
بجلی کی قیمتوں میں اضافے، بے جا ٹیکسز، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے اور حکومتی اخراجات ختم کرنے سمیت 10 مطالبات پر عمل کے لیے جماعت اسلامی کے دھرنے کا آج چھٹا روز ہے۔
لیاقت باغ چوک راولپنڈی میں جاری جماعت اسلامی کے دھرنے کے حوالے سے مرکزی انجمن تاجران نے بھی حمایت میں آج ہڑتال کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت بطور احتجاج اندرون شہر دکانیں آج بند رہیں گی۔ علاوہ ازیں تاجر رہنما اور دکان دار بھی آج جماعت اسلامی کے دھرنے میں شریک ہوں گے۔
مزید پڑھیں: حکومتی کمیٹی کا رابطہ، جماعت اسلامی کا مطالبات پورے ہونے تک دھرنا ختم کرنے سے انکار
دریں اثنا جماعت اسلامی اور حکومتی ٹیم کے درمیان مذاکرات کا دوسرا اہم دور آج ہوگا۔ سہ پہر 3 بجے کمشنر آفس راولپنڈی میں ہونے والے مذاکرات کے لیے جماعت اسلامی نے اپنی ٹیم 3 سے بڑھا 6 رکنی کردی ہے.