اسلام آباد: وزارت صحت کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے ایم پاکس کو عالمی وبا قرار دے دیا ہے۔
ترجمان وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) نے کانگو اور افریقا کے دیگر مقامات پر ایم پاکس کی نئی قسم کے پھیلنے کو ہنگامی عالمی صورتحال قرار دیا ہے۔ افریقا کے کچھ ممالک میں بچوں اور بڑوں میں ایم پاکس کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان میں اب تک ایم پاکس کی نئی قسم کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔ ایم پاکس سے بچاؤ کے حوالے سے ملک بھر کے تمام ائیرپورٹس کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے جبکہ بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان کے ادارے کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ ملک کے داخلی راستوں پر اسکریننگ کے نظام کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ کل 13 ممالک میں ایم پاکس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 517 اموات کی اطلاع ہے۔ رواں سال ایم پاکس کے سے سے زیادہ مشتبہ کیسز افریقی ممالک میں 17 ہزار سے زائد رپورٹ ہوئے ہیں.