واشنگٹن: امریکی صدارتی انتخاب میں مداخلت کے خدشے کے باعث ایران کے متعدد واٹس ایپ گروپس بلاک کردئیے گئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق فیس بک، انسٹا گرام اور واٹس ایپ کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے بیان میں کہا کہ ایرانی ہیکرز کے متعدد واٹس ایپ گروپس کو بلاک کیا گیا ہے۔ جن واٹس ایپ گروپس کو بلاک کیا گیا ہے ان کا تعلق ایران کا تعلق ایران کی پاسداران انقلاب سے ہے۔
میٹا کے مطابق ایرانی ہیکرز واٹس ایپ گروپ پر ٹیکنیکل سپورٹ کے روپ میں ایسے لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جو جو بائیڈن انتظامیہ اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وابستہ ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ ایرانی ہیکرز واٹس ایپ گروپس کو نشانہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہوں۔ ایرانی ہیکرز کا یہی گروپ اس سے قبل کملا ہیرس کی انتخابی مہم سے وابستہ افراد کو بھی نشانہ بنا چکا ہے۔ مائیکرو سوفٹ اور گوگل بھی رواں ہفتوں میں اسی گروپ کی سرگرمیوں سے متعلق خبردار کرچکے ہیں۔
اس سے قبل امریکی حکومت نے کہا تھا کہ ایران ری پبلکن اور ڈیموکریٹ امیدواروں کی صدارتی مہم کو ہیک کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ اس کوشش کا مقصد نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب کے نتائج پر اثرانداز ہونا ہے