بھارتی ریاست گجرات میں 3 روز سے مسلسل ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں سیلابی ریلہ رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں سیلابی ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ 30 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے۔ امدادی کاموں کے لیے فوج کو طلب کرلیا گیا۔
ریسکیو آپریشن کے دوران پانی میں پھنسے 2 ہزار کے قریب افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
طوفانی بارشوں اور سیلاب میں 13 افراد ڈوب کر جب کہ کرنٹ لگنے سمیت دیوار اور درخت گرنے کے دیگر واقعات میں 20 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔ زخمیوں کی تعداد 100 سے زائد ہے۔
بارشوں نے نظام زندگی کو معطل کرکے رکھ دیا۔ 3 دن سے اسکول اور دفاتر بند ہیں۔ ٹرانسپورٹ اور ٹرین کا نظام معطل ہے۔ تقریباً 1000 دیہات بجلی سے محروم ہیں۔ اسپتالوں، میونسپل اداروں اور ہنگامی مراکز میں ایمرجنسی نافذ ہے۔
ریلیف کیمپوں میں پینے کے صاف پانی اور ادویہ کی قلت کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔
بھارت کی دیگر ریاستوں میں بارشوں کی تابہ کاریاں جاری ہیں۔ تریپورہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعے میں 20 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے