اسلام آباد: وزیراعظم اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس واپس بھجوانے کا عمل شروع ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق احتساب عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت کی۔
رمضان شوگر ملز ریفرنس کو واپس نیب کو بھجوانے کا عمل شروع ہوگیا۔ ملزمان نے رمضان شوگر ملز ریفرنس واپس نیب کو بھجوانے کے لیے درخواستیں دائر کردیں۔
عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت پر ریفرنس واپس بھجوانے کی درخواستوں پر سماعت ہوگی۔ احتساب عدالت نے مزید سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی۔
وکلاء نے موقف دیا کہ سپریم کورٹ نیب ترامیم بحالی کے فیصلے کے بعد ریفرنس قابل سماعت نہیں، احتساب عدالت کو اس ریفرنس کی سماعت کا اختیار نہیں رہا۔
حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری کی معافی کی درخواست دائر کی گئی، عدالت نے حمزہ شہباز کی حاضری سے معافی کی درخواست منظور کرلی۔
وکلاء نے موقف دیا کہ حمزہ شہباز کمر کی تکلیف کے باعث پیش نہیں ہوسکتے، ڈاکٹرز نے حمزہ شہباز کو بیڈ ریسٹ کا مشورہ دے رکھا ہے۔ وکلا نے حمزہ شہباز کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی عدالت میں پیش کیا۔
عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے رکھا ہے ان کی جگہ ان کے پلیڈر انوار حسین حاضری کیلئے پیش ہوئے۔ احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج زبیر شہزاد کیانی نے ریفرنس پر سماعت کی۔
نیب ریفرنس کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر سرکاری خزانہ سے گندہ نالہ بنانے کا الزام ہے۔ گندہ نالہ رمضان شوگر ملز کو فائدہ پہنچانے کیلیے بنایا گیا۔
شہباز شریف کا موقف سامنے آیا کہ گندہ نالہ مقامی ایم پی اے کی درخواست پر پورے علاقے کیلئے بنایا گیا، نیب ریفرنس سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلیے دائر کیا گیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ شہباز شریف کو حاضری سے استثنی حاصل ہے ان کو پیش ہونے کی ضرورت نہیں.