راولپنڈی:اسلام آباد، سیالکوٹ اور پشاور سے بیرون ملک منشیات اسمگل کرنے کی کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور 6 مختلف آپریشنز میں اسمگلنگ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرکے 12 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 127 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین روانہ ہونے والے مسافر کے بیگ سے 6 کلو 438 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ اسی طرح اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہی پر واقع کارگو پر برطانیہ بھیجے جانیوالے پارسل سے 10 کلو 450 گرام ہیروئن برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا جب کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی روانہ ہونے والے مسافر کے بیگ سے 65 گرام منشیات برآمد کی گئی۔
برآمدشدہ منشیات میں 52 گرام افیون، 2 گرام ہیروئن، 7 گرام چرس اور 4 گرام آئس شامل تھی۔
دوسری جانب پشاور میں کوریئر آفس میں آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے ایک کلو 700 گرام آئس برآمد کی گئی۔ مستونگ میں لکپاس کے قریب اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 58 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ اُدھر کچلاک بائی پاس کوئٹہ کے قریب چھپائی گئی 50 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے.