وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اسموگ سے متعلق خط لکھنے پر ان کے بھارتی ہم منصب نے طنز کردیا۔
بھارتی پنجاب کے وزیراعلٰی بھگونت مان نے ایک تقریب میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی آلودگی کے حوالے سے بھارتی پنجاب پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم شریف جو نوازشریف کی بیٹی ہیں وہ کہہ رہی ہیں کہ میں بھگونت مان کو چھٹی لکھوں گی کہ آپ کی اسموگ لاہور تک پہنچ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دلی کی حکومت بھی یہی کہتی ہے۔ لگتا ہے کہ ہماری آلودگی دائرہ بنا رہی ہے اور گھوم رہی ہے۔میں مریم نواز کو کہتا ہوں کہ بی بی تم بھی چھٹی لکھ لو۔
بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ریاستوں کو الزام تراشی کے بجائے فضائی آلودگی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون پر بات کرنا چاہیے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے بیان میں کہا تھا کہ وہ اسموگ کے معاملے پر بھارتی پنجاب کے وزیراعلی کو خط لکھنے کا سوچ رہی ہیں۔ اسموگ کے خاتمے کے لیے بھارت سے سفارت کاری کرنا ہوگی.