کراچی میں ریسٹورنٹ پرفائرنگ، حملہ آور دستی بم پھینک کر فرار

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ریسٹورنٹ پر نامعلوم افراد فائرنگ کرنے کے بعد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ہفتے کی صبح کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون فرنٹیئرموڑکے قریب واقع ریسٹورنٹ پرنامعلوم ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد دستی بم پھینک کرفرارہوگئے۔خوش قسمتی سے دستی بم پھٹ نہ سکا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے موقع پرپہنچ کردستی بم کو ناکارہ بنا دیا۔ فائرنگ کی آوازسن کرریسٹورنٹ کی بالائی منزلوں پررہائش پذیرریسٹورنٹ کے مالک نے فوری طورپولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔

پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اورفوری طورپر بم ڈسپوزل اسکواڈ اورکرائم سین یونٹ کو موقع پرطلب کرلیا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے دستی بم کو ناکارہ بنا دیا۔ریسٹورنٹ مالک کے مطابق ریسٹورنٹ رات 12 بجے بند کردیا جاتا ہے۔ ریسٹورنٹ پرفائرنگ اوردستی بم پھینکے جانے کا واقعہ الصبح سواچاربجے کےقریب پیش آیا۔،2 موٹرسائیکلوں پرسوار4 نامعلوم مسلح ملزمان نے پہلے ریسٹورنٹ پرفائرنگ اوراس کے بعد دستی بم پھینک کرفرارہو گئے۔

ریسٹورنٹ مالک کا مزید کہنا تھا کہ انہیں 2022 میں بھتے کی پرچی موصول ہوئی تھی جس کا مقدمہ پیرآباد تھانے میں درج کرایا تھا ۔پولیس نے واقعے میں ملوث ایک ملزم کوگرفتاربھی کیا تھا جوکہ تقریباً ایک سال جیل میں رہنے کے بعد رہا ہوگیا تھا۔ بھتہ مانگنے والا ملزم میرا پڑوسی تھا اس واقعے کے بعد کبھی کوئی بھتے کی پرچی نہیں آئی۔

ایس ایچ او مومن آباد شہباز یوسف نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ریسٹورنٹ پر فائرنگ کرنے والے ملزمان شناخت چھپانے کے لیے ہیلمٹ لگائے ہوئے تھے،پولیس کو جائے وقوع سے 3 گولیوں کے خول بھی ملے ہیں جنہیں پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کےمطابق فائرنگ اوردستی بم پھینکے جانے کا واقعہ خوف وہراس پھیلانے کا معلوم ہوتا ہے۔ ریسٹورنٹ میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں اورپولیس سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ جلد ازجلد ملزمان تک پہنچ سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں