لاہور:پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کے فروغ کے لیے دوسری چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ہاکی چیمپیئن شپ کرانے کا اعلان کر دیا۔
نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کے لان میں سیکرٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد نے پریس کانفرنس میں چیمپیئن شپ کی تفصیلات بتائیں۔
سیکرٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ ہم چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نشان امتیاز ملٹری کے قومی کھیل کی سرپرستی کرنے پر شکر گزار ہیں، دوسری چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ہاکی چیمپیئن شپ میں پاکستان بھر سے 800 کلبز حصہ لیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کلبز کی رجسٹریشن کا عمل منگل سے شروع ہوکر 15 دسمبر تک جاری رہے گا جس کے بعد تمام صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنز تین دن کی جانچ پڑتال کریں گی۔ ڈسٹرکٹ کلبز مقابلوں کا پہلا مرحلہ 20 دسمبر سے شروع ہوگا اور اس کے بعد ریجنل، صوبائی سطح پر میچز کھیلے جائیں گے۔
سیکرٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ قومی سطح پر آخری مرحلے کا آغاز تین فروری سے ہوگا اور فائنل 15 فروری کو کھیلا جائے گا۔ چیمپیئن شپ کو انتہائی پیشہ وارانہ انداز میں منظم کیا جائے گا جس کا مقصد نوجوان اور باصلاحیت ہاکی کھلاڑیوں کی تلاش ہے جو آگے چل کر قومی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔
پریس کانفرنس میں اولمپیئن آصف باجوہ، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان اور اولمپیئن انجم سیعد بھی موجود تھے۔