اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے اور نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کریں گے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے ملاقات کی اور اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں تاکہ وہ ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
ملاقات میں بلوچستان کے امور پر تبادلہ خیال کے موقع پر گورنر بلوچستان نے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
شاہ غلام قادر نے آزاد جموں و کشمیر کے توانائی کے مسائل کے حل کے حوالے سے 23 ارب روپے کے پیکج کی فراہمی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے شاہ غلام قادر سے کہا کہ آپ اپنی بھرپور کوشش کریں کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو ذیادہ سے ذیادہ ریلیف ملے۔