اسلام آباد کی عدالتوں نے ڈی چوک احتجاج کے نام پر گرفتار کیے گئے 76 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ڈی چوک احتجاج سے گرفتار پی ٹی آئی کے گرفتار 20 ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ کردیا۔
زرائع کے مطابق 20 مظاہرین کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر20 مظاہرین کو عدالت پیش کیا گیا۔
پولیس نے مزید پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا اور تمام 20 ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ ترنول میں مقدمہ درج ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں 56 ملزمان پیش
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی آئی احتجاج کے دوران گرفتار کیے گئے 56 ملزمان کو پیش کیا گیا۔ ملزمان کو شناخت پریڈ مکمل ہونے کے بعد انسداد جج ابو الحسنات ذوالقرنین کے رُوبرو پیش کیا گیا۔
تھانہ بنی گالا، تھانہ شہزاد ٹاؤن، تھانہ آئی نائن اور تھانہ ترنول کے تفتیشی افسران عدالت میں پیش ہوئے۔
تھانہ بنی گالہ کے 18، تھانہ شہزاد ٹاؤن کے 8، تھانہ ترنول کے 20 اور تھانہ آئی نائن کے 10 ملزمان عدالت پیش کیے گئے۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کے 20 بیس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
ملزمان کے وکلاء انصر کیانی نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور کہا کہ پولیس ان ملزمان کو احتجاج سے پہلے گھروں سے گرفتار کر چکی تھی، ملزمان سے کچھ بھی برآمد نہیں کرنا پولیس کو صرف نمبرز پورے کرنے ہیں۔
عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 56 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔