لاہور:حکومت پنجاب کی جانب سے کچے کے علاقے میں ڈیوٹی انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کے لیے بارڈ ایریا الاؤنس کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
صوبائی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت کچے کے علاقے کی چوکیوں اور تھانوں پر ڈیوٹی دینے والے 943 پولیس افسران و اہلکاروں کے لیے ہارڈ ایریا الاؤنس منظور کیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت صوبائی کابینہ نے 24 ستمبر کو ہارڈ ایریا الاؤنس کی منظوری دی تھی جس کا مقصد کچے کے علاقے میں فرائض ادا کرنے والے اہل کاروں کی حوصلہ افزائی تھی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کچہ ایریا کی چوکیوں اور تھانوں پر تعینات پولیس اہلکاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
رحیم یار خان کی 42 پولیس چوکیوں اور 3 تھانوں، راجن پور کی 15 پولیس چوکیوں، 04 تھانوں کے اہلکار ہارڈ ایریا الاؤنس سے مستفید ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق انسپکٹرز، سب انسپکٹرز، اے ایس آئیز رینک کے افسران کو 25 ہزار روپے ہارڈ ایریا الاؤنس ملے گا۔ ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل رینک کے اہلکاروں کو 20 ہزار روپے جبکہ درجہ چہارم کے ملازمین کو 18 ہزار روپے ہارڈ ایریا الاؤنس ملے گا۔
تھانہ ماچھکہ، بھونگ، کوٹ سبزل، رجھان، شاہ والی، بنگلہ اچھا، تھانہ سونمیانی اور منسلک چوکیوں کے افسران و اہلکار ہارڈ ایریا الاؤنس سے مستفید ہونے والوں میں شامل ہیں۔
دریں اثنا آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس کے بہادر جوان کچے کے پرخطر علاقے کو مشکل حالات میں ڈاکوؤں اور شرپسندوں سے محفوظ بنا رہے ہیں۔