کراچی:شہر قائد میں 24 گھنٹوں کے دوران آتش زدگی کا دوسرا واقعہ سامنے آ گیا۔ پہلے واقعے میں جھگیوں میں آگ لگی جب کہ دوسرے واقعے میں چپلوں کے گودام میں آتش زدگی ہوئی ہے۔
زرائع کے مطابق رزاق آباد میں چپلوں کے گودام میں آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا، تاہم کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔
پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد کے قریب چپلوں کے گودام میں آگ لگنے کی اطلاع پر پولیس ، رینجرز اور فائربریگیڈ کی ایک گاڑی موقع پر پہنچ گئی۔ ترجمان فائربریگیڈ کے مطابق عملے نے ایک گاڑی کی مدد سے ایک گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا ، جس کے بعد مزید ایک گھنٹے تک کولنگ کا عمل جاری رہا ۔
آگ چپلوں کے گودام میں لگی تھی، جہاں پلاسٹک بڑی مقدار میں موجود تھا ۔ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ۔ ابتدائی طور پر شبہہ ہے کہ آگ گودام میں کام کرنے والوں کی غفلت کی وجہ سے لگی۔
آتش زدگی کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ مالی نقصان کا بھی ابتدائی طور پر اندازہ نہیں لگایا جا سکا۔