گجرانوالہ:انسانی اسمگلنگ گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کرکے پاسپورٹس، ویزا اسٹیکرز اور دیگر متعلقہ اشیا برآمد کرلی گئیں۔
ترجمان کے مطابق انسانی اسمگلنگ اور ڈنکی کے ذریعے بیرون ملک بھجوانے میں ملوث منظم گینگ بے نقاب کرلیا گیا۔ایف آئی اے گجرانوالہ زون کمپوزٹ سرکل گجرات نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے خفیہ گودام پر چھاپا مارا، جس میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث منظم گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا گیا۔
ملزم کی شناخت یاسر شوکت کے نام سے ہوئی، جس کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی۔ ملزم شہریوں کو غیر قانونی سمندر کے راستے یورپ اور دیگر ممالک میں بھجوانے میں ملوث پایا گیا۔ملزم ابتدائی طور پر شہریوں کو عمرہ ویزا پر سعودی عرب بھجواتا تھابعد ازاں شہریوں کو لیبیا اور مصر منتقل کرتا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے لیبیا سے یورپ کشتیوں کے ذریعے شہریوں کو بارڈر کراسنگ کرانے میں ملوث پایا گیا۔ غیر قانونی طریقے سے کشتیوں کے ذریعے متعدد پاکستانی مختلف حادثات میں جاں بحق ہو چکے ہیں۔
چھاپا مار کارروائی میں گودام سے 7 عدد پاکستانی پاسپورٹ ، 18 عدد پاکستانی پاسپورٹ کی نقول برآمد کرلی گئیں۔ اس کے علاوہ ملزم سے 9 عدد لیبیا کے ویزا اسٹیکرز اور عمرہ ویزا کی 4 نقول بھی برآمد ہوئی ہیں۔ ملزم سے 8 مصری ویزے، 23 ہوائی جہاز کے ٹکٹس اور 2 عدد موبائل فون بھی برآمد کرلیے گئے۔
ملزم کو گرفتار کر کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپا مار کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔