سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے اسسٹنٹ کنٹرولر کی لاش ملنے کا معما؛ بہن کا بیان سامنے آگیا

سکھر:آئی بی اے یونیورسٹی کے اسسٹنٹ کنٹرولر کی لاش ملنے کے معاملے پر بہن کا بیان سامنے آ گیا۔

سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات اشتیاق میمن کی لاش گھر سے ملنے کے معاملے میں پیش رفت ہوئی ہے۔ سول اسپتال میں زیر علاج ان کی ایک بہن فائزہ میمن کا پولیس کو دیا گیا وڈیو بیان ذرائع کو موصول ہوگیا۔

متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ رات میں پہلے ہیٹر جلایا تھا، بعد میں کوئلے بھی جلائے۔ رات کسی وقت کمرے میں گیس بھری، جس کی مجھے خبر نہیں کیا ہوا۔ اسپتال میں ہوش میں آیا۔ میں نے تکہ ،گھر کے چاول اور آلو بھی رات کھائے تھے۔

اسسٹنٹ کنٹرولر کی بہن فائزہ میمن نے بتایا کہ ہم تینوں بھائی بہن ایک ہی کمرے میں سوئے تھے۔

واضح رہے کہ اشتیاق میمن لاش کمرے سے برآمد ہوئی تھی، جب کہ ان کی 2 بہنیں کمرے میں بے ہوش ملیں تھیں ، جس میں سے ایک بہن کو ہوش آگیا ہے جب کہ دوسری آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مرحوم اشتیاق میمن کی ایک بہن کو نیم ہوش آگیا ہے، تاہم وہ بات کرنے کے قابل نہیں ہیں۔اشتیاق میمن کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے، جس کی چند روز میں رپورٹ آ جائے گی۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق اشتیاق میمن کے جسم پر کوئی نشانات وغیرہ نہیں پائے گئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اشتیاق میمن کے کمرے سے انگیٹھی ملی، جس میں کوئلے جل رہے تھے۔ کمرے میں بجلی کا ہیٹر بھی چل رہا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں